بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
دار الافتاء اہلسنت - مسائل ورلڈ
مستند فقہی فتاویٰ و شرعی تحقیقات | مصدقہ فتویٰ نمبر: MW-1976 | تاریخ: 18 ستمبر 2025
مسائل ورلڈ - دار الافتاء اہلسنت | masailworld.com
الجواب بعون الملک الوھاب
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
نیند سے وضو کب ٹوٹتا ہے ؟
اکثر دیکھا گیا ہے مسجد کے اندر نماز کے انتظار میں لوگ بیٹھے ہیں اور انہیں نیند کی جھپکی آگئی یا اونگھنے لگے تو وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارا وضو ٹوٹ گیا اور وہ ازخود کسی کے ٹوکنے سے وضو کرنے لگتے ہیں یہ غلط ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ اونگھنے یا بیٹھے بیٹھے جھونکے لینے سے وضو نہیں جاتا ہے۔ (بہار شریعت, ح۲ ، ص ۲۷) ترمذی اور ابو داؤد کی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین مسجد شریف میں نماز عشاء کے انتظار میں بیٹھے بیٹھے سونے لگتے تھے یہاں تک کہ ان کے سر نیند کی وجہ سے جھک جھک جاتے تھے پھر وہ دوبارہ بغیر وضو کیے نماز پڑھ لیتے تھے۔ (مشکوۃ، باب مایوجب الوضو ، ص٤١)نیند سے وضو تب ٹوٹتا ہے جب کہ یہ دو شرطیں پائی جائیں:
(١) دونوں سرین اس وقت خوب جمے نہ ہوں۔ (٢) سونے کی حالت غافل ہوکر سونے سے مانع نہ ہو۔۔ (فتاویٰ رضویہ ج۱، ص۷۱) چت یا پٹ یا کروٹ سے لیٹ کر سونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ اکڑوں بیٹھا ہو اور ٹیک لگا کر سوگیا تو بھی وضو ٹوٹ جائے گا، پاؤں پھیلا کر بیٹھے بیٹھے سونے سے وضو نہیں ٹوٹتا خواہ ٹیک لگائے ہوئے ہو ۔ کھڑے کھڑے یا چلتے ہوئے یا بحالت نماز قیام میں یار کوع میں یا دو زانوں سیدھے بیٹھ کر یا سجدے میں جو طریقہ مردوں کے لیے سنت ہے اس پر سو گیا تو وضو نہیں جائے گا ۔ ہاں اگر نماز میں نیند کی وجہ سے گر پڑا اگر فور آنکھ کھل گئی تو ٹھیک ورنہ وضو جاتا رہا۔ بیٹھے ہوئے اونگھنے اور جھپکی لینے سے وضو نہیں جاتا۔ ماخوذ از غلط فہمیاں اور ان کی اصلاح / علامہ تطہیر احمد رضوی بریلی شریف
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّ وَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
مجیب: مفتی محمد سجاد عطاری مدنی
مفتی و محقق، دار الافتاء مسائل ورلڈ
دار الافتاء مصدقہ فتویٰ
تصدیق شدہ