قرض حسنہ کسے کہتے ہیں ؟محمد سلمان رضا واحدی امجدی

Qarze Hasana Kise Kahte Hain

مسئلہ؛کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ قرض حسنہ کسے کہتے ہیں؟ اور کیا اس میں واپسی ضروری ہوتی ہے؟

الجواب ۔بعون الملک الوھاب ۔

قرض حسنہ وہ قرض ہے جو بغیر نفع کے دیا جاتا ہے یعنی جتنے روپیہ قرض دیا ہے اتنے ہی واپس لے اور کوئی مدت بھی متعین نہ ہو یہ سود کے مقابلے میں بولا جاتا ہے اسی طرح کسی تنگ دست کو قرض دینا باعث ثواب ہے ۔
حدیث شریف میں اس طرح قرض دینے کی بڑی فضیلت بیان کی گئ ہے
چنانچہ ابن ماجہ میں ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا
من یسر علی معسر یسر اللہ علیہ فی الدنیا والآخرۃ ۔
جو شخص تنگ دست ( مقروض) کو مہلت دیتا ہے اللہ تعالی دنیا اور آخرت میں اس پر آسانی فرماتا ہے
سنن ابن ماجہ جلد ٣ حدیث ۔ ٣٤١٧
اور رہا واپسی کرنے کا مسئلہ اگر قرض دینے والے نے معاف کردیا تو قرض معاف ہو جاۓ گا ورنہ واپسی کرنا ضروری ہے ۔
تنگ دست قرض خواہ کو معاف کرنے اور مہلت دینے میں زیادہ ثواب ہے
جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا
من احب ان یظلہ اللہ فی ظلہ فلینظر معسرا او لیضع لہ ۔
جو شخص اس بات کو پسند کرے کہ اللہ تعالی اسے اپنی رحمت کا خاص سایہ نصیب کرے تو وہ تنگ دست (مقروض ) کو مہلت دے یا پھر معاف کردے ۔
سنن ابن ماجہ جلد ٣ حدیث ٢٤١٩
واللہ اعلم بالصواب

کتبہ: محمد سلمان رضا واحدی امجدی
مہتمم: مدرسہ غوث العلوم گلشن رضا (سندیلہ ہردوئی)

Leave a Reply