کسی کا موبائل چالو ہو اور عین حالتِ نماز میں موبائل بجنے لگے تو وہ کیا کرے؟
الجوابـــــــــــــــــــــــــــ
نماز کے وقت میں اولا تو موبائل آف کر دینے کے عادت ڈالنی چاہیے ۔ سائلنٹ میں کبھی کبھی تھرتھراہٹ کی وجہ سے نمازی خود ہی خلل میں پڑ جاتا ہے اور اس کا خشوع و خضوع درہم برہم ہو جاتا ہے، لیکن اگر بند کرنا بھول گیا اور دوران نماز موبائل بجنا شروع ہوگیا اور موبائل ایسا ہے کہ ایک ہی مرتبہ کوئی بٹن دبانے سے آواز بند ہو جائے گی تو بند کر دیں کیونکہ نماز میں عمل قلیل کی رخصت ہے ۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے
” ان کنت لا بد فاعلا فواحدۃ ”
اگر کرنا ضروری ہو تو ایک بار کر سکتے ہیں ۔
اور اگر موبائل ایسا ہے کہ اس میں بہت سے بٹن ہیں اور وہ اتنا ماہر بھی نہیں کہ ایک بار ہی میں بند کر لے بلکہ متعدد بار اور کئی ایک بٹن دبانے کی ضرورت پیش آئے جس کی وجہ سے عمل کثیر میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہو تو اس کو بجنے دے اور نماز پڑھے کہ عمل کثیر سے نماز فاسد ہوجاتی ہے تو نماز کو فساد سے بچانے کے لیے کچھ خلل گوارا ہو گا ۔
واللہ تعالی اعلم
کتبــــــــــــــــــہ : مفتی نظام الدین رضوی جامعہ اشرفیہ مبارکپور