میت کو اٹھانے سے پہلے جو غلہ اکٹھا کرتے ہیں اسے فقیروں میں تقسیم کرنا کیسا ہے ؟
سوال : میت کے اٹھانے سے قبل غلہ اکٹھا کرنا اور اس کو بعد دفن اس وقت کے فقیروں کو تقسیم کرنا اور قبروں کو کھودنے والے غیر مسلم لونیوں کو دینا کیسا ہے؟
الجوابــــــــــــــــــــــــــــ
موت کے بعد جو غلہ اکٹھا کیا جاتا ہے عموماً وہ میت کے ایصال ثواب کے لئے ہوتا ہے اور وہ غلہ صدقہ نافلہ ہے جسے ہر مالدار اور فقیر کو لینا جائز ہے. لہذا اس زمانہ کے فقیروں کو مذکورہ غلہ دینا بلاشبہ جائز ہے. البتہ غیر مسلموں کو دینا ہر گز جائز نہیں کہ یہاں کے غیر مسلم حربی ہیں اور کافر حربی پر کچھ بھی صدقہ کرنا جائز نہیں. اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی قدس سرہٗ تحریر فرماتے ہیں بحرالرائق وغیرہ میں تصریح ہے کہ کافر حربی پر کچھ تصدق کرنا اصلا جائز نہیں. ١ھ. ( الملفوظ اول صفحہ 106)
واللہ تعالی اعلم ۔
کتبہ : مفتی اشتیاق احمد الرضوی المصباحی
الجواب صحیح : مفتی جلال الدین احمد الامجدی