استقبال رمضان کے لئے محفل منعقد کرنا کہاں سے ثابت ہے ؟
سوال :آج کل کچھ جگہوں پر یہ طریقہ ایجاد کیا گیا ہے کہ شعبان کے آخری ہفتے میں استقبال رمضان کے عنوان سے کچھ
لوگ جلسے یا اجتماع کرتے ہیں جس میں روزے کے فضائل و مسائل بتاتے ہیں اس کا ثبوت سلف سے ہے یا اس زمانے کے
علماء کی ایجاد ہے؟
الجوابــــــــــــــــــــ
اس کا ثبوت حدیث شریف سے ہے یہ بدعت نہیں، سنت ہے. مسلمان اگر جگہ جگہ اس کا اہتمام کریں اور لوگوں کو رمضان
شریف کے فضائل و مسائل سے آگاہ کریں تو اجر کے حقدار ہوں گے ۔
حضرت سلمان فارسی رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول نے شعبان کے آخری دن میں یہ وعظ فرمایا ” اے
لوگو تمہارے پاس عظمت والا برکت والا مہینہ آیا وہ مہینہ جس میں ایک رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے اس کے روزے اللہ تعالی
نے تم پر فرض کئے ۔
حضور نے دیر تک یہ وعظ فرما یا اور رمضان کے بہت سے فضائل بیان فرمائے یہ پوری حدیث بہار شریعت میں موجود ہے ۔
(بہار شریعت حصہ 5 صفحہ 950 روزے کا بیان)
کتبہ : مفتی نظام الدین رضوی جامعہ اشرفیہ مبارکپور