کیا احرام نکالنے سے دم واجب ہوتا ہے ؟
سوال : زید حج کو جا رہا تھا اور اس نے دوران سفر بہ مجبوری ایک مقام پر احرام اتار دیا تھا پھر احرام باندھ کر حج کی ادائیگی
کیا تو اس پر دم ہے. اور ہے تو دم کے بکرے کو ذبح کرکے گوشت کیسے تقسیم کریں گے، یا اسے یتیم خانے میں دے دیا
جائے؟
الجوابـــــــــــــــــــــــــــــــــ
احرام اتارنے کا مطلب شاید احرام کے کپڑے اتارنا ہے اور احرام کے کپڑے اتارنے سے کوئی احرام سے باہر نہیں ہوتا، نہ احرام
فاسد ہوتا ہے، کیونکہ کسی وجہ سے صرف احرام کے کپڑے اتارنا کوئی جرم نہیں، آخر غسل کے وقت ایک کپڑا تو اتارنا ہی
ہوتا ہے تو اس سے قطعاً دم واجب نہیں ہے ۔ ہاں اگر بغیر سلے ہوئے کپڑے اتار کر سلے ہوئے کپڑے پہن لیے تو بھی وہ احرام
سے باہر نہیں ہوگا بلکہ صرف اتنا ہوگا کہ سلا ہوا کپڑا پہننے کی وجہ سے وہ گنہگار ہوگا ۔ اس لئے کہ اس نے احرام کے آداب
کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اب اگر 12 گھنٹے یا اس سے زیادہ سلے ہوئے کپڑے پہنے رہا تو اس پر ایک دم واجب ہے ۔ اور حرم
شریف ہی میں کہیں دم دے اور اس کا گوشت نہ خود کھائے اور نہ ہی دوست و احباب کو دے بلکہ اس پر واجب ہے کہ
غریبوں، فقیروں کو دے، ان میں تقسیم کرے ۔
واللہ تعالی اعلم ۔
کتبہ : مفتی نظام الدین رضوی جامعہ اشرفیہ مبارکپور