کپڑے کو پاک کرنے کا طریقہ کیا ہے؟ مفتی نظام الدین رضوی

کپڑے کو پاک کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

الجوابـــــــــــــــــــــــــــــــــ

کپڑے پر اگر کہیں نجاست لگ گئی ہو تو اسے پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اگر نجاست جرم دار ہے کہ آنکھوں سے دیکھی

جاتی ہے تو پہلے اس کو دور کرے پھر اتنا پانی ڈالے کہ نجاست کے دور ہونے کا اطمینان ہوجائے ۔

اور اگر نجاست جرم دار نہیں جیسے پیشاب اور شراب وغیرہ تو اس طرح کی نجاستوں کے پاک کرنے کے دو طریقے ہیں۔

ايک طریقہ یہ ہے کہ پانی ڈال کر اس کو اچھی طرح ملیں اور پوری طاقت لگا کر نچوڑیں کہ اس میں سے پانی ٹپکنا بند

ہوجائے، پھر کپڑے کو الگ رکھیں اور اپنے ہاتھ کو پانی سے اچھی طرح دھولیں ، اس کے بعد پھر اس کپڑے پر پانی بہائیں اور

ملیں اور پہلے کی طرح نچوڑیں اور اس کے بعد اپنے ہاتھ کو دھوئیں ، اسی طرح تیسری مرتبہ بھی کریں اب یہ کپڑا پاک ہوگیا۔

یہ کام اپنے ہاتھ سے کرنا چاہیے بیوی سے نہیں کرانا چاہیے کیوں کہ مسئلہ یہ ہے کہ یہ کام جس سے کرا رہے ہیں اگر وہ

طاقت میں اس سے کم ہے اور اس کے نچوڑنے سے قطرہ بند ہوگیا لیکن خود اس شخص مثلاً شوہر کے نچوڑنے سے اور

قطرہ نکلے گا تو یہ اس کے حق میں ابھی بھی ناپاک ہے ۔

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ایک مجبوری پیش آسکتی ہے ہے کہ کپڑا بہت پرانا ہے اور یہ ڈر ہے کہ اگر پوری طاقت لگادیں گے تو

کپڑا ہی پھٹ جائے ، اگر ایسی بات ہو تو اس کے لیے حکم یہ ہے کہ کپڑے پر خوب تیزی سے پانی بہائیں اور اس کو ملتے

جائیں یہاں تک کہ اطمینان ہوجائے کہ اب نجاست ختم ہوگئی جو اس کو ہلکے سے نچوڑنا ہی کافی ہوگا ۔ اس میں زیادہ پانی

خرچ ہوگا۔

اور کم پانی خرچ ہونے کی صورت میں یہ ہے کہ کپڑا دھو کر رسی پر ڈال دیں جب پانی ٹپکنا بند ہوجائے تو پھر دھوئیں اور

رسی پر ڈال دیں، پانی بند تو پھر ایک بار دھو کر رسی پر ڈال دیں یہاں تک کہ کپڑا خشک ہوجائے ۔

یہ طریقہ بوسیدہ کپڑوں کے پاک کرنے کا بھی ہے اور ان کپڑوں کے پاک کرنے کا بھی ہے جن سے نچوڑنے پر پورا پانی نہیں

نکل پاتا ۔

والله تعالى اعلم بالصواب

کتبـــــــــہ : مفتی نظام الدین رضوی جامعہ اشرفیہ مبارک پور 

Leave a Reply