جمعہ کی نماز کی نیت کیسے کریں
براہ کرم، مجھے درج ذیل سوال کا جواب عنایت فرمائیں ۔
(۱) جمعہ کی نماز کی نیت کیسے کی جاتی ہے؟ فرض ہوگی یا واجب کی نیت ہوگی؟ جمعہ کے دن ظہر کے چار فرض کی کون سی نیت ہوگی؟
(۲) جمعہ کی دو رکعت فرض نماز سے پہلے جو چاررکعت سنت پڑھی جاتی ہے اس کی نیت کیسے کی جائے گی؟ اور وہ ظہر کی سنت ہوگی یا جمعہ کی ہوگی؟ اور دو رکعت فرض کے بعد کتنی رکعت سنت پڑھی جائے گی؟ اوراس کی ترتیب کیا ہوگی؟ اورنیت جوکی جائے گی وہ ظہر کی سنت کی کی جائے گی یا اورکوئی؟ جواب دیں مہربانی ہوگی؟؟
سائل: محمد سعد اختر اسلامپورہ مالیگاوں
الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
(1) جمعہ کی نماز فرض ہے اس میں فرض کی نیت ہوگی۔ بدائع الصنائع میں ہے: أما الأول فالجمعة فرض… والدلیل علی فرضیة الجمعة الکتاب والسنة وإجماع الإمة..
(بدائع الصنائع: 1/577)
زبان سے نیت کرنا ضروری نہیں۔ اگر کوئی شخص دل میں جمعہ پڑھنے کا ارادہ کرلے تب بھی نماز ہوجائے گی۔ البتہ اگر کوئی شخص زبان سے نیت کرنا چاہے تو اس طرح کرے ” میں جمعہ کی دو رکعت فرض نماز کی نیت کرتا ہوں واسطے اللہ کے پیچھے اس امام کے رخ میں کعبہ شریف کی طرف اللہ اکبر "
(۲) جمعہ کے دن سے پہلے دو رکعت تحیة المسجد پڑھیں، یہ مستحب ہے ۔ اس کے بعد چار رکعت سنت جمعہ کی نیت سے پڑھیں یعنی اس طرح نیت کریں کہ میں جمعہ کی چار رکعت سنت قبلیہ پڑھتا ہوں اللہ کے واسطے، اور نماز جمعہ کے بعد چار رکعت سنت بعدیہ جمعہ کی نیت سے پڑھئے پھر دو رکعت اور سنت کی نیت سے پڑھیے مفتی بہ قول کے مطابق جمعہ کے بعد چھ رکعت سنت ہے، پہلے چار بعد میں دو رکعت۔
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالی علیہ وسلم
مفتی محمدرضا مرکزی
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
خادم التدریس والافتا
الجامعۃ القادریہ نجم العلوم مالیگاؤں