جنازہ کے وضو سے فرض نماز ادا کرنا کیسا ہے ؟
سوال : کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ کیا نیت جنازہ کا جو وضو کیا گیا ہے اس وضو سے نماز فرض عین ادا کر سکتا ہے یا نہیں؟ جواب عطا فرمائیں، اجر عظیم اللہ تعالی سے حاصل کریں.
الجوابـــــــــــــــــــــــــــ
ہمارے مذہب مہذب حنفی میں وضو کے لیے نیت شرط نہیں تو وضو بلانیت ہی ہوجاتا ہے. اور نماز جنازہ کی نیت تو ہے ہی نماز کی نیت تو بطریق اولیٰ جائز ہوگیا. اور جب وضو ہوجائے تو اس سے سب نمازیں فرض ،واجب اور سنت و نفل ادا ہو سکتی ہیں. بلکہ تیمم جس میں نیت شرط ہے وہ بھی اگر نیت نماز جنازہ سے کیا جائے تو اس سے بھی ہر فرض نماز بلا خلاف جائز ہے.
فتاوی عالمگیری صفحہ 13 جلد اول میں ہے
لو تیمم لصلوۃ الجنازۃ او لسجدۃ التلاوۃ اجزاءہ ان یصلی بہ المکتوبۃ بلا خلاف کذا فی المحیط.
واللہ تعالی اعلم
کتبــــــــہ : الفقیر ابو الخیر محمد نور اللہ النعیمی غفر لہ