حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات میں کتنے حج اور کتنے عمرہ ادا فرمائے
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرح متین اس مسئلہ میں کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی پوری زندگی میں کتنی مرتبہ عمرہ کیے اور حج کتنی مرتبہ کیے مع حوالہ جواب عنایت فرمائیں
سائل :۔ محمد عامر رضا رضوی احمد آباد گجرات
بسـم اللـہ الرحـمٰن الرحـیم
الجــوابــــــــــ بعون الملک الوہاب
حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم اپنی پوری زندگی میں چار (۴) عمرے ادا فرمائے تھے اور حج فقط ایک (۱)
جیسا کہ ضیاء النبی ﷺ میں ہے کہ امام احمد فرماتے ہیں کہ قتادہ نے فرمایا، میں نے انس بن مالک سے پوچھا کہ اللہ کے رسول مکرم ﷺ نے کتنے حج کئے ؟ آپ نے بتایا حج صرف ایک کیا اور چار عمرے کئے۔ایک عمرہ حدیبیہ کے زمانہ میں ، دوسر ا عمرہ ماہ ذی قعدہ میں مدینہ طیبہ سے اور تیسرا عمرہ ماہ ذی قعدہ میں جعرانہ سے ، جب حضور نے حنین کے بعد وہاں مال غنیمت تقسیم فرمایا۔ چوتھا عمرہ حجۃ الوداع کے ساتھ ۔ یہ روایت امام بخاری، مسلم اور ترمذی نے اپنی کتب حدیث میں نقل کی ہے۔ترمزی نے اس حدیث کے بارے میں کہا حَسَنُ صَحِیْحٌ
(ضیاء النبیﷺ جلد ۴ صفحہ (۵۵۳) مکتبہ، محمد حفیظ البرکات شاه،ضیاء القرآن پبلی کیشنز گنج بخش روڈ، لاہور)
واللــہ تــــــعالیٰ اعلـم بالصــواب
کتبـــــہ؛محمد ارباز عالم نظــــامی
ترکپٹی کوریاں کشی نگر یوپی الھــــــــند