حضور نبی اکرم صل اللہ علیہ وآلہ و سلم کے سگے چچا کتنے تھے ؟
سائل : نصیر الدین نصیر
الجواب بعون الملک الوہاب :
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چچاؤں کی تعداد کے بارے میں مؤرخین کے چار مختلف اقوال ملتے ہیں :
بعض نے ان کی تعداد نو (9) بتائی، بعض نے دس (10) بتائی، بعض نے گیارہ (11) بتائی اور بعض نے بارہ (12) بتائی ہے۔
چنانچہ علامہ مولانا عبد المصطفی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں :
"حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے چچاؤں کی تعداد میں مؤرخین کا اختلاف ہے۔ بعض کے نزدیک ان کی تعداد نو، بعض نے کہا کہ دس اور بعض کا قول ہے کہ گیارہ، مگر "صاحبِ مواہبِ لدنیہ” نے "ذخائر العقبيٰ في مناقب ذوي القربيٰ” سے نقل کرتے ہوئے تحریر فرمایا کہ :
آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کے والد ماجد حضرت عبداﷲ رضی اللہ عنہ کے علاوہ عبدالمطلب کے بارہ بیٹے تھے جن کے نام یہ ہیں :
1- حارث
2- ابوطالب
3- زبیر
4- حمزہ
5- عباس
6- ابولہب
7- غیداق
8- مقوم
9- ضرار
10- قثم
11- عبدالکعبہ
12- جحل
ان میں سے صرف حضرت حمزہ (اور) حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے اسلام قبول کیا۔
(سیرت مصطفےٰ صفحہ 562 مکتبۃ المدینہ کراچی)
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبہ : مفتی ابواسیدعبیدرضامدنی