کسی بھی ملک میں اقلیتوں کے اوپر ظلم و زیادتی انسانی حقوق کی سخت پامالی ھے
مفتی محمد سلیم بریلوی
دنیا بھر کے تقریبا سبھی ملکوں میں اقلیتوں پر ظلم و تشددکے واقعات میں تیزی سے ہو رھا ھے اضافہ۔مفتی محمد سلیم ۔۔
یادگار اعلیحضرت جامعہ رضویہ منظر اسلام میں ” عالمی سطح پر اقلیتوں کے خلاف پھیلی نفرت کا خاتمہ اور امن عالم کا استحکام۔۔تجزیہ اور حل ” کے عنوان پر آج ایک ویبینار کا انعقاد ہوا جس میں کئی دانشوروں نے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔
صحافتی ترجمان ناصر قریشی نے بتایا کہ منظر اسلام میں آج ایک خصوصی برقی پروگرام کے توسط سے منظر اسلام کے مفکر و دانشوراور استاذ مفتی محمد سلیم بریلوی صاحب نے ویبینار کے شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اھلسنت خانقاہ رضویہ درگاہ اعلیحضرت اور منظر اسلام کے سربراہ حضرت سبحانی میاں صاحب اور سجادہ نشین حضرت مفتی احسن میاں صاحب مسلسل امن عالم ،خانقاہی نظام کی بالادستی،مسلک و مذھب کے فروغ و توسیع اور انسانیت و بھائی چارے کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں ۔
اس وقت پوری دنیا کے تقریبا ہر ملک میں ان ملکوں کی اقلیتوں پر ظلم و تشدد کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رھا ھے جو اسلامی تعلیمات اور انسانیت کے خلاف ھے۔اسلام اور شریعت اسلامیہ نے اسلامی ریاستوں اور مسلم ممالک میں زندگی بسر کرنے والوں کو خاص حقوق عطا فرمائے ہیں جو "ذمیوں کے حقوق” کے نام سے قرآن و حدیث اور فقہ اسلامی کی کتابوں میں مفصل مذکور ہیں۔اسلام امن عالم کے استحکام کا داعی ہے۔اقلیتوں پر ظلم ایک شرمناک اور انسانیت سوز جرم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں مذھبی شخصیات کی بارگاہوں میں گستاخیوں اور مذھبی مقامات پر حملے کرنے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوا ہے اور نفرتوں میں بھی بے پناہ زیادتی ہوئی ھے۔ان تمام نفرتوں کے خاتمے۔۔امن عالم کے استحکام، اقلیتوں پر ظلم و زیادتی کو روکنے اور محبتوں کی بالادستی قائم کرنے کے لئے عالمی شخصیات ،عالمی سطح پر شہرت یافتہ دانشوروں ،سماجی خدمت گاروں اور ارباب خانقاہ کو آگے آکر انسانیت کو فروغ دینا ہوگا،نفرت کو فروغ دینے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔اس کے لئے محبت و بھائی چارگی بھرا نظام قائم کرنے اور ماحول سازی کرنے کے لئے عالمی سطح پر کوشاں رہنا ہوگا۔
مفتی سلیم بریلوی صاحب نے کہا کہ کشمیر میں مزدوروں پر حملے ہوں یا جموں و کشمیر میں ایک مخصوص مذھب کے پیروکاروں پر ظلم و زیادتی،یا پھر پھیری کر کے اپنے پریوار کا پیٹ پالنے والوں کے ساتھ پر تشدد کاروائیاں ہوں یا ہجومی تشدد و قتل و غارت گری ہو یا پھر بنگلہ دیش و تریپورہ کے تازہ ترین پر تشدد واقعات ہوں یہ سب اقلیتوں کے خلاف پھیلی عالمی نفرت کا اشارہہ ہیں جو دنیا کو ہلاکت و تباہی کی طرف لے جارھے ہیں،اگر اس کی روک تھام نہ کی گئی تو انسانیت تباہ ہوجائے گی۔انسانیت کو بچانے اور نفرتوں کے خاتمے کے میدان میں ماضی میں ارباب خانقاہ اور خانقاہی نظام نے کلیدی کردار ادا کیا تھا ضرورت ہے کہ صاف و شفاف خانقاہی نظام کو ازسر نو مضبوط کیا جائے ۔