عشق نبی میں اویس قرنی نے اپنے دانتوں کو شہید کیاتھا کیا یہ درست ہے؟

عشق نبی میں اویس قرنی نے اپنے دانتوں کو شہید کیاتھا کیا یہ درست ہے؟

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں

کہ زید کہتا ہے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا دندان مبارک شہید ہوا تھا جب یہ خبر حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالی عنہ کو موصول ہوئی تو حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنے سارے دانتوں کو شہید کر دیا تھا ۔۔۔
کیا یہ روایت درست؟

المستفتی ۔۔گزار رضا کانپوری

وعليـــــــكم الســلام ورحمة اللّہ وبرکاتہ

الجواب بعون الملک الوھاب

حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالٰی عنہ کے بارے میں جو یہ عوام میں مشہور ہے کہ آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے عشق رسول میں اپنے دانتوں کو شہید کر دیا ، یہ سراسر جھوٹ اور افترا ہے اور جاہلوں کا گڑھا ہوا ہے .

جیساکہ شارح بخاری فقیہ اعظم ہند حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں: یہ روایت بالکل جھوٹ اور افترا ہے کہ جب حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالی عنہ نے یہ سنا کہ غزوہ احد میں حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے دندان مبارک شہید ہوئے تھے تو انہوں نے اپنا سب دانت توڑ ڈالا ، اور انہیں کھانے کے لیے کسی نے حلوہ پیش کیا

(فتاوی شارح بخاری، جلد دوم ص,۱۱۴ عقائد متعلقہ اولیائے کرام, ناشر دائرۃ البرکات گھوسی ضلع مئو,)

فتاویٰ بریلی شریف میں ہے کہ حضور اکرمﷺ کے دندان مباکہ شہید ہوئے تھے؟

حدیث شریف میں ہے: قال رسول اللهﷺ اشتد غضب ﷲ علی قوم فعلوا بنبیه یشیر الی رباعیته اشتد غضب ﷲ علی رجل بقتله رسولﷺ فی سبیل الله

رواہ البخاری فی جلد الثانی

یعنی الله کے رسولﷺ نے فرمایا الله تعالٰی کا غضب ایسی قوم پر سخت ہوجاتا ہے جو اپنے نبی پر ایسا کرے اور اشارہ کیا اپنے رباعیہ دانتوں کی طرف اللہ کا غضب سخت ہوگیا اس مرد ” ابی ابن خلف حجمی ” پر جس کو اللّہ کے رسول ﷺ نے الله کے راہ میں قتل کیا ۔

اور عینی ج ۱۷, ص۱۶۰, میں ہے: کسرت رباعیۃ یعنی حضور علیہ السلام کے رباعیہ دندان شہید ہوگئے. اور اسکی خبر حضرت اویس قرنی رحمتہ اللہ علیہ کو ہوئی اور انہوں نے اپنے دانت شہید کرلیے یہ روایت نظر سے نہ گزری اور غالباََ ایسی روایت ہی نہیـــــں ہے اگر چہ مشہور یہی ہے

(( فتاویٰ بریلی شریف ص ۳۰۱ ))

والله تعالیٰ اعلم بالصواب

کتبہ:- اسیر حضور تاج الشریعہ
محمــــــــد نورجمال رضــوی دینـــاجپـــوری منجانب سنی مسـائل شرعیـہ گــروپ.
(۱) ربیع الاول ۱۴۴۳ہجری،، بروزجمعہ

Leave a Reply