غیر مسلم بابا سے جھاڑ پھونک کروانا کیسا ہے ؟
کیا فرماتے ہیں علماے دین مسائلِ ذیل میں :
(1) کیا کسی عورت کے جسم میں کوئی صاحب مزار بزرگ آکر سوالات کے جوابات دے سکتے ہیں، ان بزرگ کے سوا کوئی مرحوم عورت بھی اس کے جسم میں آکر سوالوں کے جواب دے سکتی ہے کیا؟
(2) کسی مسلم عورت کا نامحرم بابا سے جھاڑ پھونک کے ذریعہ بچہ دانی کا علاج کرانا کیسا ہے؟
(3) نمبر 1 ، سوال میں مذکورہ عورت کہتی ہے کہ اس کے ایک غیر مسلم دوست کو ان صاحب مزار بابا جو اس کے جسم میں آتے ہیں غلام بنا لیا ہے ، وہ عورت اس کے ساتھ دوسرے شہر کے مزار پر حاضری کے لیے چلی جاتی ہے ۔ کیا اس طرح صاحب مزار کا کسی کو غلام بنانا ممکن ہے ؟
(4) صاحب مزار نے یہ بھی حکم دیا ہے اس بچی ( عورت کو وہ بچی کہتے ہیں) کا جسم کمزور ہے ۔ شادی کے لائق نہیں ہے ۔ جب کہ اس کی عمر 32 سال ہے ، کیا بابا ایسا کہ سکتے ہیں؟ ہمارے صوبہ راجستھان انڈیا میں ایسے کئی معاملے ہورہے ہیں ۔ برائے مہربانی اصلاح فرمائیں ۔
الجوابـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
(1) مرد یا عورت کے جسم پر شیطان سوار ہو کر اسے خبطی بنا دیتا ہے پھر اس کے دل و دماغ کو اپنے کنٹرول میں کر کے اس کی زبان سے بات کرتا اور لوگوں کے سوالات کے الٹے ،سیدھے جواب دیتا ہے اور جھوٹ بول کر اپنے کو کوئی ولی ،یاپیر ، یا شہید، یا سید بابا وغیرہ ظاہر کرتاہے۔ کوئی ولی کسی مرد یا عورت کے جسم میں سرایت نہیں کرتے ہیں ۔ نہ اسے مخبوط الحواس کرکے اس کی زبان سے بات کرتے ہیں ۔ اور لوگ کسی مخبوط الحواس سے جو کچھ سنتے ہیں ۔ وہ یا تو شیطان کا جھوٹ ہوتاہے یا اس خبطی کا مکر وفریب ۔ مسلمان ہرگز اس طرح کے چکر میں نہ پھنسیں ۔ نہ ایسے خبطی لوگوں سے کچھ پوچھیں نہ ان کی باتوں پر اعتماد کریں ۔
(2) ممنوع ہے اور بابا غیرمسلم ہوتو حرام۔ علماے دین سے پردہ میں رہ کر تعویذ لے سکتی ہے ، یا پانی پر دم کرا سکتی ہے ۔
(3) وہ عورت جھوٹی ہے ، اس کے گھر کے لوگ اسے کنٹرول کریں اور اپنے یہاں رکھیں ،پھر کسی مسلمان سے شادی کر کے اس کے ساتھ رخصت کر دیں ۔
(4) ہرگز نہیں، عورت کے مکر کو سمجھئے پھر اس سے بچنے بچانے کی فکر کرنی چاہیے ۔
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔
کتبــــــــــہ : مفتی نظام الدین رضوی جامعہ اشرفیہ مبارک پور