حضرت علامہ ڈاکٹر انوار احمد خان بغدادی روس کے دورے پر
بڑی مسرت کے ساتھ احباب اہل سنت و جماعت کو اطلاع دی جاتی ہے کہ جماعت کے عبقری عالم دین، مفکر اسلام، علامہ، ڈاکٹر انوار احمد خان بغدادی صاحب قبلہ دامت برکاتہم (صدر المدرسین دار العلوم علیمیہ جمدا شاہی بستی یوپی انڈیا) بلغار اسلامک اکیڈمی جمہوریہ تتارستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے تین روزہ دوسری انٹر نیشنل کانفرس میں شرکت کے لئے تشریف لے گئے ہیں، پہلی کانفرس میں بھی آپ تشریف لے گئے تھے ۔
کانفرنس کا موضوع ہے "اسلامک اسٹڈیز ایند اسلامک تھیالوجی ان ماڈرن ایجوکیشن سسٹم: پرابلمس اینڈ پروسپیکٹس”۔ بر صغیر کی نمائندگی کرتے ہوئے حضرت علامہ ڈاکٹر انوار احمد خان بغدادی صاحب *”دراسة العلوم الشرعية في الهند بين منهجي القديم والحديث” کے عنوان سے اپنا گرانقدر اور وقیع مقالہ پیش فرمائیں گے ، یہ مقالہ عنقریب مجلہ المشاہد کے واسطے سے ہدیہ قارئین ہوگا اور کانفرنس کی مفید اور معلومات افزا تفصیل بھی باصرہ نواز ہوگی ان شاء اللہ ۔
مذکورہ اکیڈمی کے پلیٹ فارم سے اس وقت رشین فیڈریشن کے وسیع و عریض خطے میں نہایت استحکام اور خوش اسلوبی کے ساتھ دین و سنیت اور قوم و ملت کے کام انجام پا رہے ہیں۔ تعلیمی معیار کے اعتبار سے یہ اکیڈمی ایک نمایاں مقام رکھتی ہے ۔ عالم عرب اور عالم اسلام کے ایک سے ایک ماہر اور متبحر علما کی ٹیم اکیڈمی کے زیر انتظام ہمہ تن مصروف ہے۔
ایک طویل عرصے کے تعطل کے بعد رشیا میں اسلام و سنیت کی باد بہاری دوبارہ بہنے لگی ہے اور بڑی تیزی سے اس کے خوش گوار نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ کمیونزم کا خاتمہ اور جمہوریت کا آغاز فال نیک ثابت ہوا ۔
ہم اہل سنت و جماعت مسلک اعلی حضرت کے ماننے والوں کے لئے فخر کا مقام ہے کہ مذکورہ اکیڈمی میں ناشر مسلک اعلی حضرت علامہ ڈاکٹر انوار احمد خان بغدادی صاحب قبلہ کی شکل میں ہمارا بھی تعاون شامل ہے اور ہماری بھی مضبوط نمائندگی موجود ہے۔ حضرت بالخصوص اپنے عالمی دوروں میں اہم اور بااثر شخصیات اور اداروں سے رابطہ کرتے ہیں اور ملاقات و گفتگو کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے فکر رضا اور رضویات کے مختلف گوشوں کو مدلل و موثر انداز میں پیش کرتے ہوئے مخاطب کے شکوک و شبہات اور اعتراضات کو احسن طریقے سے رفع دفع کرتے ہیں ۔
اور اسی کے ساتھ رضویات پر اکیڈمک مواد فراہم کرکے احسان الہی ظہیر کی البریلویہ سے متاثر عرب علما کی تسلی کا سامان بھی کرتے ہیں، وللہ الحمد ۔
اللہ تبارک و تعالی آپ کی خدمات اور کوششوں کا سلسلہ یوں ہی جاری و ساری رکھے اور آپ کو اپنے حفظ و امان کے سائے میں رکھے ۔
محمد طیب
22/09/2021