آیت الکرسی کے حوالے سے ایک مسئلہ

آیت الکرسی کے حوالے سے ایک مسئلہ

سوشل میڈیا پر ایک حدیث مبارکہ وائرل کی جارہی ہے جس کے الفاظ یہ ہیں :

جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کا وقت قریب آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عزرائیل علیہ السلام سے فرمایا :

"کیا میری امت کو موت کی تکلیف برداشت کرنی پڑے گی؟”

تو فرشتے نے کہا :

جی !

آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں مبارک سے آنسو جاری ہوگئے.

تو اللہ تعالی نے فرمایا :

"اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم آپ کی امت اگر ہر نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھے گی تو موت کے وقت اس کا ایک پاؤں دنیا میں ہوگا اور دوسرا جنت میں”.

کیا واقعی ایسی کوئی روایت ثابت ہے؟

سائل : محمّد اصغر اعوان عطاری پکّی موڑ چوک میانوالی

الجواب بعون الملک الوہاب:

یہ روایت مذکورہ الفاظ کے ساتھ کتبِ احادیث میں نہیں مل سکی، البتہ بعض کتبِ احادیث میں آیت الکرسی کی فضیلت سے متعلق یہ ضرور ملتا ہے کہ جو شخص ہر فرض نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھے گا تو موت کے سوا کوئی چیز اس کو جنت میں داخل ہونے سے نہ روکے گی.

چنانچہ امام نسائی رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ کے حوالے سے نقل فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا :

”من قرأ آية الكرسي في دبر كل صلاة مكتوبةلم يمنعه من دخول الجنةالا ان يموت”

یعنی جو شخص ہر فرض نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھے تو اس کو جنت میں داخل ہونے سے موت کے سوا کوئی چیز نہیں روکتی.

(سنن النسائی الکبری ،عمل الیوم واللیلة،ثواب من قرا آیة الکرسی دبر کل صلاة، 6/30 دارالکتب العلمیۃ بیروت، طبراني، الترغیب والترہیب)

اسی طرح حضرت علی المرتضیٰ شیرِ خدا کرم اللہ تعالیٰ وجھہ الکریم فرماتے ہیں کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو منبر پر فرماتے ہوۓ سنا :

"جو شخص ہر نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھے اسے جنت میں داخل ہونے سے موت کے سوا کوئی چیز نہیں روک سکتی …الخ”.

(شعب الایمان جلد 2 صفحہ 458 رقم الحدیث 2395 دار مکۃ المکرمۃ)

واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ والہ وسلم

کتبہ : مفتی ابواسیدعبیدرضامدنی

Leave a Reply